۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
News ID: 367535
12 اپریل 2021 - 16:57
ماه رمضان

حوزہ/ جیسے گلاب کے لیے بھر بھری، زرخیز اور اچھے نکاس والی زمین کا انتخاب اہم ہوتا ہے اسی طرح ماہ مبارک رمضان کی ضیافت کا دسترخوان خاصان خدا سے مخصوص ہے اور اس کی عظمتوں کے ادارک کے لئے پاکیزہ قلب و نظر کا ہونا ضروری ہے۔

تحریر: مولانا تقی عباس رضوی کلکتوی 

حوزہ نیوز ایجنسی جس طرح  گلاب تمام گلوں کا بادشاہ ہے، سب پھولوں کا شہنشاہ ہے، باغوں کی رونق، شاعری کا لازمی جزو، قدرت کا حسین تحفہ ہے. یہ اپنی نوعیت میں اپنی مثل آپ ہے کیونکہ کوئی بھی پھول اس کی خوبصورتی اور رعنائی کا مقابلہ نہیں کر سکتا. جیسے اس کا نکھار اور اس کی خوبصورتی سب سے منفرد ہوتی ہےاسی طرح ماہ رمضان بھی تمام مہینوں کا سردار ہے جو شہراللہ اور شہر القرآن ہونے کی بنسبت اپنی ایک خاص اہمیت و انفرادیت رکھتا ہے اس ماہ مبارک کی عظمت و بزرگی اور اس کے حسن و رعنائی کا مقابلہ کسی اور مہینے سے نہیں کیا جاسکتا ہے۔

در حقیقت یہ صاحبانِ ایمان کے لیے ایک الہی نعمت اور عظیم تحفہ ہے۔

جیسے گلاب کے لیے بھر بھری، زرخیز اور اچھے نکاس والی زمین کا انتخاب اہم ہوتا ہے اسی طرح ماہ مبارک رمضان کی ضیافت کا دسترخوان خاصان خدا سے مخصوص ہے اور اس کی عظمتوں کے ادارک کے لئے پاکیزہ قلب و نظر کا ہونا ضروری ہے۔
 
ماہ رمضان متقی و پرہیزگار اور نیکیاں کرنے  والوں کے لئے رشد و ہدايت اور اجر و ثواب کا مہینہ ہے جس طرح گلاب کی خوشبو سے مشام جاں معطر ہوجاتا ہے اسی طرح ماہ رمضان کی رحمت و برکت، مغفرت و اس میں انجام دیئے گئے اعمال صالحہ کی خوشبوؤں کو اس ماہ میں روزہ رکھنے والے صائمین و صالحین سالہا سال پانی روز مرہ زندگی میں محسوس کرتے رہتے ہیں جس طرح گلاب کا پھول محبت کی علامت اور عشق کے اظہار کا مؤثر ذریعہ ہے اسی طرح  رمضان المبارک ہمیں محبت ،مودت ،ہمدردی اور ایثار کا درس بھی دیتا ہے اور اس ماہ میں روزے رکھنے سے ہمدردی و مساوات کا احساس بھی پیدا ہوتا ہے. اس ایک ماہ کے مہمان سے پورے معاشرے میں صدقہ و خیرات میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتاہے۔ 

اخوت، باہمی ہمدردی اور مومنانہ ایثار و خلوص کی لہر سارے معاشرہ پر چھا جاتی ہے۔

وہ رو بہ رو ہو تو بس دیکھتے رہو اس کو
 کہ اس کو دیکھنا کار ثواب جیسا ہے
وہ گل بدن ہے سراپا گلاب جیسا ہے 
جہان حسن میں وہ آفتاب جیسا ہے

تبصرہ ارسال

You are replying to: .